گجرات لاہور اسلام آباد (پریس ریلیز 7اپریل 2015ئ) عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر حضرت پیر محمد افضل قادری نے مرکز اہلسنت نیک آباد مراڑیاں شریف میں علماء ومشائخ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کے تحفظ کیلئے کلمہ حق کہنے کی پاداش میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ گجرات نے میرے اور میرے ساتھیوں کیخلا ف فور شیڈیول کی پابندیاں عائد کی ہیں۔
جبکہ میں پوری قوت ایمانی کیساتھ تمام غیرمنصفانہ اقدامات کو مسترد کرتا ہوں اور واضح کرتا ہوں کہ دین اور ملک کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی اور جام شہادت کیلئے تیار ہوں۔
حضرت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ فور شیڈول کی پابندیاں کالعدم تنظیموں، ڈاکوئوں ، قاتلوں اور دہشت گردوں پر لگائی جاتی ہیں میرے جیسے حق گو عالم دین پر فورتھ شیڈیول کی پابندیاں لگانے والے طاغوتی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں لہذا مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ ختم نبوت ،ناموس رسالت اور دیگر دینی اقدار کی حفاظت کیلئے میدان عمل میں آئیں۔ دوسری طرف لاہور میں 20 سنی تنظیموں کے نمائندگان نے اعلان کیا ہے کہ اگر فوری طور پر حضرت پیر محمد افضل قادری کا نام فور شیڈول سے خارج نہ کیا گیا تو اہم مقامات پر زبردست دھرنے دئے جائیں گے۔