نوشہرہ (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام سو سال کی ہو گئی۔ نوشہرہ میں یوم تاسیس منایا گیا۔ دنیا بھر سے ہزاروں کا مجمع اُمڈ آیا۔ عالمی اجتماع میں امام کعبہ محمد صالح بن ابراہیم نے نماز جمعہ پڑھائی۔ اپنے خطبہ میں انہوں نے مسلمانوں کو اختلافات بھلا کر اتحاد کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآنی تعلیم ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو اور فرقہ واریت میں نہ پڑو، اسلام محبت اور امن کا دین ہے۔
مسلمانوں کو چاہئے فروعی اختلافات میں نہ پڑیں، اللہ کے ہاں اس کا مقام بلند ہے جس میں تقویٰ زیادہ ہو، اللہ کی وحدانیت پر یقین ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے، علمائے کرام دین کی تعلیمات کے امین ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے غربت ختم کرنے پر زور دیا۔
اجتماع میں ایک موقع پر دھکم پیل بھی ہوئی۔ سکیورٹی رضاکاروں کے لاٹھی چارج سے بھگدڑ مچ گئی، خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔