اسلام سلمانی کا گولڈن گول، الجزائر ناک آوٹ راونڈ میں، روس باہر

Algeria

Algeria

کیوری تیبا (جیوڈیسک) فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار الجزائر کی ٹیم نے ناک آوٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ گروپ ایچ میں روس اور الجزائر کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

اسلام سلمانی کا گول الجزائر کے اگلے راونڈ تک رسائی کی کنجی ثابت ہوا۔ روس کے ساتھ میچ میں اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے الجزائر کو یہ میچ برابر کرنا کافی تھا جبکہ روس کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا۔

روسی ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے مبصرین اور ماہرین کو حیران کرنے والے الجزائری ٹیم کے خلاف میچ کے چھٹے ہی منٹ میں برتری حاصل کی۔ روس کے لیے یہ گول الیگزینڈر کوکورن نے کیا۔ الجزائر نے پہلے ہاف میں روسی برتری ختم کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن سب ناکام رہیں۔

دوسرے ہاف میں الجزائر کی ٹیم زیادہ بہتر کھیلی اور 60 ویں منٹ میں اسلام سلمانی نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ میچ برابر کرنے کے بعد جہاں الجزائر نے دفاعی انداز اپنایا وہیں روس نے مخالف گول کر بڑھ چڑھ کر حملے کیے لیکن وہ ان حملوں کو گول میں بدلنے میں ناکام رہے اور یوں میچ برابر ہوگیا۔

الجزائر اب دوسرے راونڈ میں اس ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں میں شامل جرمنی کا سامنا کرے گا۔ دوسری جانب ساو پاولو میں کھیلے جانے والے گروپ ایچ کے دوسرے میچ میں پہلے ہی دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جانے والی بیلجیم نے جنوبی کوریا کو ایک گول سے شکست دی۔

پہلے ہاف میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں میچ کے77ویں منٹ میں ورٹونغن نے گول کر کے بیلجیم کو برتری دلوائی جو آخر تک قائم رہی۔ اگلے راونڈ میں بیلجیم کا مقابلہ گروپ امریکا کی ٹیم سے ہوگا۔