اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آئی جی اسلام آباد بنی امین خان کی بہو کی پر اسرار ہلاکت کے کیس کی سماعت 3 جولائی کو اوپن کورٹ میں فکس کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو بھی طلب کر لیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد بنی امین خان کی بہو وحیدہ کے قتل کے از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ مقتولہ کی ماں نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی بنی امین ان کی بیٹی کے مبینہ قتل کی تحقیقات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
ان کی بیٹی وحیدہ کے قتل کی ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ نے آئی جی خیبر پختونخوا اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3 جولائی کو اوپن کورٹ میں فکس کرنے کا حکم دے دیا۔