تہران (جیوڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے دہشت گردی اور اسلام کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تشدد اور دہشت گردی چاہے وہ اس خطے میں ہو یا یورپ اور امریکہ میں قابل مذمت ہے جو لوگ بھی جہاد، مذہب یا اسلام کے نام پر قتل، تشدد یا انتہا پسندانہ اقدامات کرتے ہیں وہ چاہے نہ چاہے اسلام فوبیا کو بڑھاتے ہیں۔
حسن روحانی نے فرانسیسی میگزین کا نام نہیں لیا تاہم وہ بظاہر پیرس میں ’’چارلی ہیبڈو‘‘ کے دفتر پر حملے کی مذمت کر رہے تھے۔ ایران نے اس حملے کی شدید مذمت کی تھی۔ یاد رہے فرانسیسی میگزین نے 2006ء میں گستاخانہ خاکے شائع کئے تھے۔