اسلام نے عورت کو معاشرے میں ارفع مقام عطا کیا ہے : زبیر حفیظ

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ اسلام نے عورت کو معاشرے میں ارفع مقام عطا کیا ہے ۔ عورت کو مرد کے برابر حقو ق صرف اسلام نے عطا کیے ہیں۔ مسلمان عورتیں دنیا کی پاکیزہ ترین خواتین ہیں اور اسلام وہ واحد مذہب ہے جو عورت کی عزت کا حقیقی محافظ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عالمی یوم خواتین پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مغرب جو کہ عورت کی آزادی کا ڈھنڈورا ساری دنیا میں پیٹ رہا ہے۔

عورت کی سب سے زیاد ہ تذلیل بھی وہاں پر کی جاتی ہے۔وہاں عورت بدترین سلوک اور عدم تحفظ کا شکار ہے ، مسلم خواتین امہات المومنین اور صحابیات کے نقش قدم پر چلیں تو معاشرہ امن و آشتی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ عورت ایک فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے جو قوم اور معاشرے پر اثر انداز ہوتا ہے۔اسلام عورت کی عزت اور توقیر کا درس دیتا ہے ۔ عورت پر تشدد کرنے والے بزدل اورجاہل ہیں۔ناظم اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ایک عورت کی تعلیم ایک قوم کی تعلیم ہے، حکومت ملک بھر میں خواتین یونیورسٹیز قائم کرتے ہوئے خواتین کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرے۔