اسلام آباد انتظامیہ کا امن وامان کی یقین دہانی پر ہی تحریک انصاف کو داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کامران چیمہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے امن قائم رکھنے کی یقین دہانی کے بعد ہی انہیں وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کامران چیمہ کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فیض آباد اور زیرو پوائنٹ سمیت کسی بھی عوامی مقام پر تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دی جاسکتی ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے امن قائم رکھنے کی یقین دہانی کےبعد ہی انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے لیے فوج کی تعیناتی سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم امن وامان کے خدشات کے پیش نظر شہر میں تمام حساس عمارتوں پر فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں گیسٹ ہاؤس اور ہوٹلوں کی بھی کڑانی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسٹرائیکنگ فروس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز سمیت تمام افسران کو موجود رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے اور اجتماع سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی بھی صورت میں ہجوم کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے آزاد کشمیر پولیس کے بھی ایک ہزار اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے۔