اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کے دھرنے کی اجازت پر شرائط لاگو کردیں

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کے 11 مئی کو ہونے والے دھرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ نے 11 مئی کو ہونےو الے تحریک انصاف کے دھرنے کے لیے اجازت پر مختلف شرائط لاگو کردی ہیں جس سے وزارت داخلہ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام کو بھیجی گئی رپورٹ میں دھرنے کی شرائط سے متعلق بتایا گیا ہے کہ دھرنے کے لیے واک تھرو گیٹس، خیمے، فیلڈ لائٹس، بجلی اور جنریٹرز کا انتظام تحریک انصاف کو خود کرنا ہوگا جبکہ دھرنے کے شرکا کو گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے ایف نائن پارک میں اجازت دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف 25 سے 30 ہزار مظاہرین کو اسلام آباد لاسکتی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام شرائط پورے کرنے پر ہی مظاہرین ڈی چوک آسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 11 مئی کو انتخابات کو ایک سال پورا ہونے پر عمران خان نے اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی طاہر القادری اور جماعت اسلامی بھی حمایت کرچکے ہیں۔