اسلام آباد (جیوڈیسک) دھند کے باعث اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رکا ہوا ہے، ائرپورٹ پر آنے اور جانے والی درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ کئی منسوخ کردی گئی ہیں۔
ائر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر آنے والی 6 فلائٹس منسوخ اور 20 فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ اسی طرح ائرپورٹ سے جانے والی 19 فلائٹس تاخیر کا شکار جبکہ 8 فلائٹس منسوخ ہوئی ہیں۔
گلگت،کوئٹہ، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کی فلائٹس منسوخ ہوگئی ہیں۔ دبئی ،دوحہ ،جدہ، ابو ظہبی، لندن، برمنگھم، مدینہ ،استنبول اور کویت سے اسلام آباد آنے والی فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ دبئی،دوحہ، ابوظہبی، ریاض ، کویت، استنبول، برمنگھم ،پیرس، کراچی ، دمام اور مانچسٹر جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صبح دس بجے کے قریب فلائٹ آپریشن بحال ہونے کا امکان ہے۔