اسلام آباد میں جھڑپوں کے بعد دیگر شہروں میں بھی احتجاج

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (عاصم ایاز سے) میں مظاہرین پر شیلنگ اور تشدد کے خلاف تحریک انصاف نے اتوار کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آْباد میں پولیس اور حکومت مخالف مظاہرین کی جھڑپوں کے بعد کراچی میں دو مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیے گئے ہیں اور اتوار کو تحریک انصاف نے ملک گیر ہڑتال اور ایم کیو ایم نے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں تحریک انصاف کی جانب سے ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی اور کلفٹن کے علاوہ شاہراہ فیصل پر دھرنا دیا گیا، جہاں ٹائروں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔

اس احتجاج میں نوجوانوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی شریک ہیں۔

دوسری جانب ایم اے جناح روڈ پر مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی پر دھرنا دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہر کی اس مصروف سڑک کے ایک بڑے حصے کو بند کردیا گیا ہے۔

مجلس وحدت المسلمین پاکستان عوامی تحریک کی اتحادی جماعت ہے۔

اسلام آباد میں مظاہرین پر شیلنگ اور تشدد کے خلاف تحریک انصاف نے اتوار کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کی مجلس وحدت المسلمین نے بھی حمایت کی ہے۔

“صورتحال کا تقاضا ہے کہ طاقت کا استعمال کرنے سے بہتر ہے کہ وزیراعظم نوازشریف امن و استحکام اور جمہوریت کی بقا کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنا عہدہ چھوڑ دیں اور اور اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلا کر اندرونی تبدیلی لے آئیں۔”

الطاف حسین

واضح رہے کہ ملک کے سب سے بڑے تجارتی اور کاروباری مرکز کراچی میں اتوار کو اکثر کاروباری مراکز بند ہوتے ہیں۔

دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ نے بھی تشدد اور شیلنگ کے واقعات کے خلاف اتوار کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ طاقت کا استعمال کرنے سے بہتر ہے کہ وزیراعظم نوازشریف امن و استحکام اور جمہوریت کی بقا کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنا عہدہ چھوڑ دیں اور اور اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلا کر اندرونی تبدیلی لے آئیں۔

انھوں نے متنبہ کیا کہ اگرطاقت کے استعمال کے نتیجے میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا تو پھر ایسی صورت میں ایم کیو ایم بھی اس ظلم وستم کے خلاف میدانِ عمل میں آجائے گی اور پھر کراچی سے خیبر تک ایم کیو ایم کی اپیل پر عوام سڑکوں پر ہوں گے۔

کراچی کے علاوہ لاہور سمیت پاکستان کے کئی شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں اور مقامی ذرائع ابلاغ پر دکھائی جانے والی تصاویر میں لاہور کے لبرٹی چوک میں کارکنوں کو پولیس پر پتھراؤ کرتے اور ملتان میں ٹائر جلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔