اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اور راول پنڈی میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے ساتھ تصادم میں 78 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
متعدد پولیس اہلکاروں کے سر پھٹ گئے، کئی ہاتھ پاوں تڑوا بیٹھے۔ اسلام آباد اور راول پنڈی میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان گزشتہ روز سے ہی شدید جھڑ پیں ہوتی رہیں۔
فیض آباد،آئی جے پی روڈ، کورال چوک،ائر پورٹ کے ارد گرد اور دیگر علاقوں میں اسلام آباد، پنجاب اور آزاد کشمیر پولیس کے متعدد افسران اور اہلکار پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کا نشانہ بنے۔
پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے تھانہ کورال پر حملہ کر کے بھی کئی پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا۔ زیادہ تر پولیس افسران اور اہلکار مظاہرین کے شدید پتھراؤ اور ڈنڈوں سے زخمی ہوئے۔
کئی پولیس افسران اور اہلکاروں کے بازوؤں اور ٹانگوں پر فریکچرز آئے ہیں۔ پولی کلینک میں 40، پمز میں 11 اور ڈی ایچ کیو اسپتال راول پنڈی میں 27 زخمی لائے گئے۔ 20 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کا شعبہ ایمرجنسی میں علاج جار ی ہے۔