اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر حکومت نے پارلیمینٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران وزیر امور کشمیر برجیش طاہر کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا اور وفاقی حکومت پر کشمیر کونسل کے فنڈز قبل از انتخابات دھاندلی کے لئے استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا گیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید کے ہمراہ سراپا احتجاج وزراء نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے کشمیری عوام اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی توہین قبول نہیں۔ کشمیر کونسل کے فنڈز روک کر انہیں آزاد کشمیر میں من پسند افراد میں بانٹا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے شکایات کے ازالے کی یقین دہانی اور کمیٹی قائم کرنے پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔ تین رکنی کمیٹی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیر خزانہ آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر پر مشتمل ہو گی۔