اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں دفعہ 144 کے باوجود سینیٹر اعظم سواتی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریلی نکالی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 لگا رکھی ہے جس کے تحت کسی کو بھی ریلی نکالنے یا جلسہ جلوس کرنے کی اجازت نہیں ہے تاہم گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان کی دورہ امریکا سے واپسی پر مختلف شہروں سے آئے تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلیوں کی صورت میں ائیرپورٹ پہنچ کر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
گزشتہ رات سینیٹر اعظم سواتی کی قیادت میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی پر اُن کا استقبال کرنے کے لیے ریلی نکالی۔
اس حوالے سے سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا مقصد ہوتا ہے کہ کسی شر کے لیے 5 یا زیادہ لوگ جمع نہ ہوں، ہم تو ایسے مقصد کے لیے ریلی نکال رہے ہیں جو پاکستان کی عزت اور بقاء کا ترجمان ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان بولے وزیراعظم عمران خان کے دورے کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے، ان کے دورے سے خطے میں امن آئے گا اور ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پُرامید ہیں۔
ادھر سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آنے والا وقت انشاء اللہ پاکستان کے لیے بہت اچھا ہے۔