اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے کا ایک اور زخمی زندگی کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی۔
وزیر اعظم نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمیوں کے لئے معاوضے کی منظوری دے دی۔
پمز اسپتال میں زیر علاج اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے کا زخمی 39 سالہ محمد یعقوب بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔
چار سدہ کے رہائشی محمد یعقوب کو گزشتہ روز آپریشن کے بعد آئی سی یو سرجیکل منتقل کر دیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی باز ہار گیا جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
دھماکے کے دس زخمیوں کو آج پمز سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 33 زخمی افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ ادھر دھماکے کے مزید 2 زخمیوں کو بے نظیر انٹر نیشنل اسپتال سے پمز منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کے لئے 5، 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 75 ،75 ہزار روپے معاوضہ دینے کی منظوری دی ہے۔
بیت المال کے ایم ڈی نے بھی آج پمز اسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے کے زخمیوں میں 30 ہزار روپے فی کس امداد تقسیم کی۔