اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے حکمت عملی بنا لی ہے کہ شہر اقتدار کو بند نہیں کرنے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق، حکومت نے تحریک انصاف کا جلوس سختی سے روکنے کی ٹھان لی ہے۔
پنجاب بھر سے تحریک انصاف کے سرگرم رہنماؤں اور کارکنوں کی فہرستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
سرگرم کارکن اور رہنماء ایم پی او کے تحت نظر بند ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق، ڈی سی اوز اور سی پی اوز اپنے اپنے اضلاع کے جلوس روکنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ دوسری طرف، اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں 30 اکتوبر کے دھرنے اور پاناما معاملات پر قانونی اور آئینی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر ملکی تاریخ میں احتساب کا قومی دن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا احتساب نہ ہوا تو باقی کرپٹ لوگوں کا احتساب کیسے ہو گا۔
بابر اعوان نے کہا کہ پرامن احتجاج تمام سیاسی پارٹیوں کا آئینی حق ہے، وزیر اعظم اینڈ فیملی کو پاناما لیکس کے معاملے پر قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔