اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرائے جانے کے معاملے پر وکلا ایک بار پھر بپھر گئے۔
اسلام آباد میں غیر قانونی چیمبرز گرائے جانے کے خلاف وکلا ایک بار پھر سراپا احتجاج ہیں،اسلام آباد بارکونسل اورڈسٹرکٹ بار کے وکلا اپنے ساتھی وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جب کہ وکلا کی بڑی تعداد ڈی چوک پہنچ گئی اور انہوں نے ڈی چوک بلاک کردیا۔
وکلا کے احتجاج کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ وکلاکو پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روکنے کےلیے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔
واضح رہےکہ چند روز قبل اسلام آباد میں وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف مشتعل وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے ہائیکورٹ پر دھاوا بول دیا تھا اور اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بھی اپنے چیمبر میں محصور ہوگئے تھے، وکلا نے ان کے چیمبر کے باہر شدید نعرے بازی کی تھی۔