لاہور : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما انجینئر افتخار چودھری نے کہا ہے کہ پانامہ کے لٹیروں نے ملک کی آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا ہے۔ان کے خلاف آخری معرکہ پاکستان میں معاشی بد حالی کی شکست پر ختم ہو گا۔
انہوں نے مرکزی سیکرٹیرٹ میں کارکنوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔انجینئر افتخار چودھری نے کہا کہ وزیر خزانہ کے جھوٹ کے پول کھل رہے ہیں قومی اثاثوں کو گروی رکھ کر قرض لینے سے قومیں نہیں بنتیں۔
انجینئر افتخار چودھری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی اپنے وسائل سے سڑکیں اور پل بنا رہی ہے مگر افسوس یہ ہے کہ وفاق اور پنجاب میں کڑی شرائط پر قرضے لئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان عمران خان کی قیادت میں دنیا کا ایک عظیم ملک بنے گا۔حکمران اپپنے دشمن آپ ہیں قومی ادارے کی دنیا بھر میں بے عزتی کرانے والے انجام کے قریب ہیں انہیں مریم گیٹ لے ڈوبے گا۔