اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 6.4 شدت کا زلزلہ

Earthquakes

Earthquakes

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ مردان، شمالی وزیرستان، سوات اور باجوڑ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ ، دیر اور چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

زلزلے کے جھٹکے جن علاقوں میں محسوس کیے گئے وہاں سے فی الحال کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلے کے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں، زلزلہ پیما مرکز
پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلےکے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔

زلزلےکا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر دور تھا، امریکی جیولوجیکل سروے

زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا— فوٹو: ولکانو ڈسکوری
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلےکا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر تھا۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 91.6 کلومیٹر تھی۔

صوبوں میں ریکسیو ہائی الرٹ
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیوپنجاب نے ریسکیو 1122 کوہائی الرٹ کردیا تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔

زلزلے سے اب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، ترجمان این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ وہ تمام صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کےساتھ رابطے میں ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے پورے پاکستان سے زلزلے سے متعلق معلومات حاصل کر رہا ہے، زلزلے سے اب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، این ڈی ایم اے کی طرف سے ایمرجنسی سروس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔