اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے دہشت گر دی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو آج عدالت طلب کر لیا ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز سے 3 دن میں عدالتوں کے سیکیورٹی اقدامات کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
جسٹس جیلانی نے ازخود نوٹس رجسٹرار سپریم کورٹ کے نوٹ پر لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو تفصیلی رپورٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد سے کچہری میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کی فہرست پیش کرنے کے ساتھ یہ معلوم کیا گیا ہے کہ واقعے کے وقت کون سے اہلکار وہاں تعینات تھے اور انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے پمز اسپتال میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے کے خلاف پاکستان بار نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔