اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے ریکارڈ کیسز رپورٹ

Dengue Cases

Dengue Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے ریکارڈ کیسز سامنے آ گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مزید 125 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک شہر میں ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے ڈینگی کے 78 اور شہری علاقوں سے 47 کیسزرپورٹ ہوئے جس کے بعد اسلام آبادکے دیہی علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 1015 جب کہ شہری علاقوں میں 513 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 179 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3300 ہو گئی۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں ڈینگی سے 4 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1041 ہو گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق ہری پور میں 14، مردان 9 اور نوشہرہ میں 4 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔