اسلام آباد کو شکست، ملتان سلطانز پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

PSL

PSL

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔

ملتان سلطانز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوسن کن رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شان مسعود بھی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

صہیب مقصود اور جانسن چارلس نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں تاہم دونوں بالترتیب 59 اور 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد خوشدل خان نے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور 19 ویں اوورز میں عاکف جاوید کو 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 180 رنز بنائے۔ اسلام آباد کے فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 61 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

عثمان خواجہ کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی یوں سلطانز نے یہ میچ 31 رنز سے جیت لیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ملتان کے سہیل تنویر اور بلیسنگ موزاربانی نے 3، 3 جبکہ عمران طاہر 2 اور عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین بولنگ پر سہیل تنویر کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔