اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں اور مزید 61 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔
ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت ڈینگی سے 1403 افراد متاثر ہیں جب کہ ابتک 5 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔
اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں 61 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے ، شہر کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 42 اور شہری علاقوں میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او کا بتانا ہےکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 937 اور شہری علاقوں میں 466 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے، حالیہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 600 سے بڑھ گئی ہے۔
علاو ازیں پنجاب میں ڈینگی کے مزید 262 کیس رپورٹ ہوئے اور صرف لاہور سے184 نئے مریض سامنے آئے۔
ادھر کراچی کا ضلع وسطی ڈینگی کا گڑھ بن گیا ہے جہاں اب تک ایک سال کے بچوں سے لے کر 65 سال کے 66 افراد بھی ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت نے کراچی کے 46 علاقوں کو ڈینگی کے ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید198 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صرف پشاور سے 68 مریض سامنے آئے ہیں۔