اسلام آباد میں بوندا باندی جاری، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رم جھم کا سلسلہ جاری ہے ، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، پہاڑوں پر برفباری سے وادیاں خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں ، شوگراں اور مالم جبہ میں سیاحوں نے خوب ہلا گلہ کیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ، پہاڑوں پر برفباری کے بعد سیاحوں نے خوبصورت وادیوں میں ڈیرے جمالئے ۔ اسلام آباد میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے جس سے خنکی مزید بڑھ گئی۔

مری میں آج بھی برفباری کی توقع ہے اور سیاح بھی موج مستی کیلئے تیار ہیں ۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد دلفریب نظارے ہیں ۔ وادی شوگراں میں برفباری کا مزا لینے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ، کسی نے سیلفی بنائی تو کسی نے ایک دوسرے پر برف کے گولے برسائے ، سوات کے علاقے مالم جبہ میں بھی سیاح آسمان سے گرتے روئی کے گالوں سے لطف اندوز ہوئے اور خوب ہلہ گلہ کیا۔

خواتین نے بھی موسم کو خوب انجوائے کیا ، منچلوں سے سیلفیاں بھی بنوائیں ، گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد وادی کا رخ کر رہی ہے ۔لواری ٹاپ ابھی تک ٹریفک کیلئے بند ہے جس کی وجہ سے تفریح کیلئے آنیوالوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری جاری رہے گی۔