جو واجبات ادا نہیں کریں گا انہیں بجلی بھی نہیں ملے گی، خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جو بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں کرے گا اسے بجلی بھی نہیں دی جائے گی۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کی مد میں سب سے زیادہ بقایا جات سندھ کو ادا کرنے ہیں، سندھ کی 2 تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ ادائیگیوں کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت اور ادارے 666 ارب روپے کے نادہندہ ہیں، سندھ میں عام صارف اور نجی شعبہ ادائیگیاں نہیں کررہا۔ کے الیکٹرک نے کراچی واٹر بورڈ کا 22 ارب کا کلیم ہمیں بھجوایا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 9 ارب روپے ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کی، مگر آمادگی کے باوجود تاحال رقم ادا نہیں کی۔ سندھ کے علاوہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کی مد ایک سو ارب روپے دینے ہیں۔ کوئی ایک پیسہ دینے کو تیار نہیں ہے۔ جہاں بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں ہوگی وہاں بجلی نہیں دی جائے گی۔