اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پولیس نے بھتہ خوری کے خلاف کیے گئے اقدامات پر رپورٹ مرتب کر لی ہے جو آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی بھتہ خوری کے خلاف کیس کی سماعت کریں گے۔
پولیس کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبزی منڈی میں چوکیداری کے نام پر بھتے کی وصولی ختم کرا دی گئی ہے۔2 بھتہ خور گروہوں کے خلاف مقدمات درج کر کے 28 ملزمان نامزد کیے گئے۔ 7 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
بھتہ خوروں کی پشت پناہی کرنے والے 4 پولیس اور 2 سی ڈی اے اہلکار بھی گرفتار کر لیے گئے جبکہ 3 ملزمان نے مقدمے میں عبوری ضمانت کرا رکھی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جاری ہیں۔