اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 مبینہ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 میں ایک دفتر پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ایجنٹس کو حراست میں لے کر وہاں سے 28 پاسپورٹس برآمد کر لئے۔ ایف آئی اے کے مطابق حراست میں لئے گئے تینوں افراد سادہ لوح لوگوں کو عراق میں اچھی ملازمتوں کا جھانسا دے کر پیسے بٹورتے تھے۔
تینوں افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی بہتر مستقبل کی خاطر غیر قانونی طور پر دیگر ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جن میں اکثر غیر ملکی سیکیورٹی فورسز کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جبکہ کچھ زندگی ہی ہار جاتے ہیں۔