اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف پیش نہ ہوئے ، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چھٹی کی درخواست دائر کر دی گئی ، جج سہیل اکرم نے سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سہیل اکرم نے ججز نظربندی کیس کی سماعت کی ، پرویز مشرف کی لیگل ٹیم نے عدالت میں سابق صدر کی طرف سے ایک دن کے استثنی کی درخواست پیش کی جس پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود نہیں۔
عدالت اس سے پہلے بھی میڈیکل رپورٹ کے بغیر استثنی کی درخواست مسترد کر کے وارنٹ جاری کر چکی ہے ، وارنٹ گرفتاری کے خلاف پرویز مشرف کی درخواست پر وکیل کی عدم موجودگی کے باعث بحث نہ ہو سکی تھی ، سابق صدر کے ایک جونئیر وکیل کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کے لیے کچھ وقت دیا جائے عدالت نے سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔