اسلام آباد فروٹ منڈی دھماکا، پولیس آپریشن، 30 افراد گرفتار

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد فروٹ منڈی بم دھماکے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، پولیس نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔اسلام آباد کی سبزی منڈی میں بدھ کوامرود کی پیٹیوں میں چھپائے گئے بم نے 24 معصوم مزدوروں کی جانیں لے لیں،روز کی روٹی کمانے والے 100 سے زائد مزدور زخمی حالت میں ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

سبزی منڈی انتظامیہ نے سوگ میں دو دن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ 4 تفتیشی ٹیمیں ملتان، کبیروالا، بورے والا اورعارف والا بھی بھیجی گئی ہیں، دھماکے کی سازش کے شبے میں کبیروالا،پاک پتن اور عارف والا سے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس نے فروٹ منڈی کے 14 آڑھتیوں اور 6 مشکوک افراد کو بھی تحویل میں لے کر تفتیش کی ہے۔

پولیس نے اسلام آباد سبزی منڈی کے اطراف ، آئی الیون،آئی ٹین اور کچی بستیوں میں سرچ آپریشن کرکے افغان باشندوں سمیت 30 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ادھر کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے اسلام آباد دھماکے کے ذمے داری قبول کرکے حملے کو بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیا ہے۔

تاہم وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیم یونائیٹڈ بلوچ آرمی کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے اور کہاہے کہ دھماکے کی کڑیاں کہیں اور ملتی ہیں ۔ادھر کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ طالبان بے گناہ افراد کے قتل کو غیرشرعی اور حرام سمجھتے ہیں۔