اسلام آباد میں گیس اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار
Posted on January 27, 2014 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد : نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میں گیس اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا۔ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں بالخصوص خواتین کے مسائل میں بے پناہ اضا فہ کردیا ہے اورگھروں میں کھانا پکانا بھی مشکل ہو گیا ہے’ حکومت گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے اور سوئی نادرن گیس کمپنی رہا ئشی علاقوں میں بلاتعطل اور فل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پبلک سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات اور الفلاح ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض علاقوں میں گھروں میں گیس پہنچ ہی نہیں رہی’ جبکہ بیشترعلاقوں میں صبح دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے خواتین کو کھانا پکانے سمیت دیگر گھریلو معاملات نمٹانے میں شدید دشواریوں کاسامنا کرنا پڑرہاہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام ہوٹلوں سے کھانا لانے پر مجبور ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی جیب پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی نادرن کی جانب سے گیس کے بلوں میں اضافے کے باوجود گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔میاں محمد اسلم نے کہا اس صو رتحا ل میں واپڈا والوں کی طر ح محکمہ گیس میںبھی شہریوں کی شکایات کا کئی کئی دنوں تک نوٹس نہیں لیا جاتانہ ہی ان کے مسائل حل کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے حکو مت سے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس کی لو ڈ شیڈنگ سے عوام کو نجات دلائی جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com