اسلام آباد میں تیز بارش، ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی

Rain

Rain

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ شب بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جڑواں شہروں میں مطلع ابر آلود جبکہ مزید بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ ہفتہ سے بدھ کے دوران اسلام آباد ، پنجاب میں ملتان ، ڈی جی خان ، بہاولپور ، راولپنڈی ، سرگودھا ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ساہیوال اور لاہور ڈویژنز ، فاٹا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے ، اس دوران خیبر پختونخواہ میں پشاور ، کوہاٹ ، مالاکنڈ ، مردان ، ہزارہ ، ڈی آئی خان ، بنوں ڈویژنز ، بلوچستان میں کوئٹہ ، ژوب ، قلات ، سبی اور نصیرآباد ڈویژنز ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف اوقات میں تیز ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

ہفتہ اور پیر ، منگل کے دوران سندھ کے میرپور خاص ، سکھر ، لاڑکانہ ڈویژنز میں چند مقامات پر گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران موسم کی صورتحال غیر یقینی رہے گی۔

اس دوران پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے کاشتکار گندم کی کٹائی ، گہائی کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرے ۔ گزشتہ روز سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نورپورتھل ، شہید بینظیر آباد 46 ، سبی 45 ، سکھر ، بھکر ، بہاولنگر اور موہنجوداڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔