لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ نے پی سی بی کے مزید 4 ملازمین کو بحال کردیا، اس حوالے سے چیئرمین نجم سیٹھی سے 15 روز میں جواب طلب کر لیا گیا ہے۔
قبل ازیں بحال ہونے والے 6 افراد کوعملی طور پر بیکار ثابت کرنے کے لئے انھیں ایک الگ کمرے تک محدود کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے پی سی بی کے 6 ملازمین کی برطرفی کیخلاف درخواست کی سماعت کی تھی۔
برطرف ملازمین کا موقف تھا کہ انھیں بغیر وجہ بتائے نوکری سے نکال دیا گیا ہے، عدالت نے بورڈ کا حکم معطل کرتے ہوئے انچارج میس عرفان، اکاؤنٹس افسر شہناز آصف، اکرم جیلانی، احتشام الحق، انیلا ارشد اور فرخ منیر کو 21 اپریل کو ہی بحال کرنے کے ساتھ چیئرمین نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کر لیا تھا۔
بعد ازاں مزید ملازمین کا بھی حوصلہ بڑھا اور انھوں نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی رجوع کرلیا، اب عدالت نے مزید 4 افراد کو بحال کردیا ہے۔