اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے قائم مقام چیرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کی پرائیویٹ رکن فریحہ افتخار کی درخواست پر قائم مقام چیرمین پیمرا پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ پرویز راٹھور بطور قائم مقام چیرمین مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے تاہم اس کے باوجود وہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور مختلف احکامات بھی جاری کررہے ہیں جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز راٹھور کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہو کر جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 5 جون کو سابق سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا قائم مقام چیرمین مقررکیا تھا، وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ پرویز راٹھور مستقل چیرمین کی تقرری تک کام کرتے رہیں گے۔