اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کی تقرری روک دی ، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود آسامی مشتہر کرنے پر وفاق سے جواب طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پیمرا کی آسامی مشتہر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کی ۔ درخواست سابق چیئرمین پیمرا چودھری رشید کی جانب سے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود تیئس جولائی کو قومی اخبارات میں چیئرمین پیمرا کے تقرر کی آسامی مشتہر کی گئی۔ کیس کے فیصلے تک آسامی مشتہر کرنے کا اقدام درست نہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پیمرا کی تقرری کا اشتہار جاری کر کے توہین عدالت کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کے تقرر پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاق سے جواب طلب کر لیا ہے۔