اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو پیمرا کے قائم مقام چیئرمین کی تقرری سے متعلق درخواست کے فیصلے تک وفاقی حکومت کو نئے چیئرمین کی تقرری سے روک دیا۔
جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے پرویز راٹھور کی بطور رکن پیمرا تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پرویز راٹھور اور پیمرا کے وکیل نے اپنا جواب داخل کرانے کے لئے مہلت کی استدعا کی تو جسٹس نورالحق نے ریمارکس دیئے کہ ان کی بطور قائم مقام چیئرمین تعیناتی بھی چیلنج کی گئی ہے، اس لئے دونوں کا فیصلہ ایک ساتھ ہونا چاہئے، الگ الگ سماعت سے تکنیکی رکاوٹیں پیش آسکتی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو نئے چیئرمین پیمرا کی تقرری سے روکتے ہوئے درخواست پر فیصلے تک پیمرا کی موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔ کیس کی مزید سماعت 17 جون کو ہوگئی۔