اسلام آباد ہائیکورٹ کا پندرہ دن میں چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کا حکم

HEC

HEC

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پندرہ روز میں چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے یقین دہانی کے باوجود تقرری نہ ہونا عدالت کی توہین ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ ہایئر ایجوکیشن کمیشن غیر واضح پالیسی پر چل رہا ہے۔ یقین دہانی کے باوجود چیئرمین کی تقرری نہ ہونا عدالت کی توہین ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا بڑے ادارے کے ساتھ یہ سلوک ہے تو دیگر اداروں سے کیا ہو گا۔ عدالت نے کہا 15 روز میں چیئرمین کی تقرری نہ ہوئی تو وزرا کی لڑائی کا پنڈورا باکس عدالت میں کھل جائے گا۔

سیکریٹری تعلیم نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کیلئے بھیجی گئی سمری مسترد کر دی ہے جبکہ چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کیلئے خواجہ آصف کی سربراہی میں نئی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔