اسلام آباد (جیوڈیسک) گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ممتازقادری کی اپیل کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔ عدالتی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کو اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کریں گے۔
ممتاز قادری نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں 4 جنوری 2011 کو قتل کیا تھا.انسداد دہشت گردی کے عدالت نے جرم ثابت ہونے پر یکم اکتوبر 2011 کو ممتاز قادری کو 2مرتبہ سزائے موت دینے کا حکم سنایا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممتاز قادری کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے 11 اکتوبر 2011 کو سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
اب تین سال تین ماہ بعد اپیل دوبارہ سماعت کےلیے مقرر ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ انتظامیہ نے اسلام آباد انتظامیہ کو خط لکھا ہے کہ کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں اور غیر متعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔