اسلام آباد میں ہائی وے پر رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپ، گاڑیاں نذر آتش

Protesters

Protesters

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی وے پر رینجرز اور مذہبی جماعت کے مظاہرین میں جھڑپ ہوئی اور اس دوران ایک گاڑی اور 5 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔

اسلام آباد میں ہائی وے پر رینجرزاور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار اپنی چیک پوسٹ چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کئے ہیں۔ جھڑپ کے دوران مظاہرین نے ایک گاڑی اور 5 موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کردیا ہے۔

ادھر فیض آباد میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا آج بھی جاری ہے اور کشیدہ صورت حال ہے، جب کہ انٹر چینج ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ آپریشن کے دوران جاں بحق حافظ عدیل کی نماز جنازہ اس کے آبائی علاقے پنڈی گھیب ڈلیاں چوک میں ادا کردی گئی جس میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی فیض آباد آپریشن کے خلاف احتجاج کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے اور چکری انٹرچینج پر مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ راولپنڈی میں گوجر خان کے مقام پر مظاہرین نے جی ٹی روڈ دوبارہ بند کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کیا تھا۔ اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑٖپوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔