اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر پولیس پر دھاوا بول دیا۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایئر پورٹ کی جانب جانے کی کوشش کی۔ پولیس کی جانب سے روکے جانے کی کوشش کے بعد عوامی تحریک کے کارکن مشتعل ہو گئے۔ ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھائے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پل پڑے۔
پولیس پر پتھراؤ اور لاٹھی چارج کیا اور اہلکاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ کارکنوں کے پتھراؤ اور لاٹھی چارج سے زخمی اہلکاروں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں اکتیس جبکہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں بیالیس زخمی اہلکار لائے گئے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی میں ستائیس، بینظیر بھٹو اسپتال میں دو پولیس اہلکار، ایک اے ایس ایف اہلکار جبکہ ہولی فیملی اسپتال میں ایک پولیس اہلکار کو لایا گیا۔
سترہ زخمی اہلکاروں کو اسلام آباد پمز اسپتال منتقل کیا گیا جن میں اسلام آباد پولیس کے سات اہلکار پنجاب پولیس کا ایک اہلکار اور آزاد کشمیر پولیس کے نو اہلکار شامل ہیں۔ پولی کلینک اسلام آباد میں پچیس زخمی پولیس اہلکار لائے گئے۔ مشتعل کارکنوں نے کئی مقامات پر رکاوٹیں بھی گرا دیں اور کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد کے منتظر کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ، شیلنگ اور لاٹھی چارج سے علاقہ میدان جنگ بنا رہا جھڑپوں میں پندرہ کارکن زخمی ہوئے۔