اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں ایک گھر سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور جاسوسی کے آلات برآمد کر کے تین خواتین سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا، ان افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔
تھانہ ترنول کی حدود میں خیابان کشمیر میں تین منزلہ مکان پر چھاپہ مار کر خفیہ تہہ خانے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد،20 سے زیادہ کلاشنکوفیں، 4 پستول، دستی بم، وائرلیس سیٹ، متعدد ڈیٹونیٹر اور جاسوسی کے آلات برآمد کر لئے گئے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ نے بارود کو ناکارہ بنا دیا۔ بارودی مواد ریموٹ کنٹرول کھلونوں میں بھی چھپایا گیا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے باردوی مواد کو گھر کے عقبی دروازے سے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ جاسوسی کے آلات، دستی بم اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان مرکزی دروازے سے لے جایا گیا۔