اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت اسلام آبادکے مخصوص علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے اورخلاف ورزی پر سخت سزائیں دینے کیلیے ’’اسٹیبلشمنٹ آف ہائی سیکیورٹی زون ‘‘آرڈیننس 2014 جاری کرنے کیلیے تیارہے۔
یہ قانون 26 نومبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے متعارف کرایا جائے گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عوام کو 30 نومبر کواسلام آباد پہنچنے کی کال کے بعد حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے۔
یہ مجوزہ آرڈیننس حکومت اپنے انتظامی اقدامات کو قانونی جوازدینے کیلیے جاری کرنا چاہتی ہے۔ حکومت میں ایک طاقتور گروپ اس بار عمران خان اور ان کے حامیوں کو سخت انتظامی اقدامات کا مزا چکھانا چاہتا ہے تاہم مسلم لیگ ن میں ایک دوسراگروپ چاہتا ہے۔
کہ حکومت عمران خان کوریلی اور دھرنا کرنے دے، اس گروپ کے خیال میں یہ احتجاج بالآخردم توڑ جائے گا۔ آرڈیننس کامسودہ تیار ہے لیکن حکومت ابھی تک اسے جاری کرنے یانہ کرنے کے حوالے سے حالات وواقعات اور صورتحال کاجائزہ لے رہی ہے۔