اسلام آباد : غلط کلیئرنس، پی آئی اے اہلکاروں کی معطلی کا حکم

Islamabad Airport

Islamabad Airport

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ایئر پورٹ سے دس افغان باشندوں کی جعلی دستاویزات پر کلیئرنس کا نوٹس لے لیا گیا، پی آئی اے نے غفلت برتنے والے اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ایئر پورٹ سے تمام کلیئرنس کے بعد دس افغان شہری برطانیہ پہنچے، جہاں ہیتھرو ایئرپورٹ پر ان افغان شہریوں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر گرفتار کر لیا گیا۔ جس کے بعد پاکستانی اداروں کو بھی ہوش آیا، ڈی جی ایف ایئی اے کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف ایئی اے محب اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مطیع اللہ کو ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ جبکہ انسپکٹر رانا عابد، جنرل چیکر ظفر اقبال اور کاوٴنٹر آفیشل شہزاد گل کو معطل کردیا گیا۔

پی آئی اے کے ٹریفک اسٹاف اور ٹاسک فورس کے اہلکاروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ایم ڈی پی آئی اے نے ابتدائی تحقیقات میں اسلام آباد ایئر پورٹ کے بورڈنگ کارڈ پر تعینات اہلکار خرم شہزاد کو معطل کردیا۔ ایم ڈی پی آئی اے نے تمام ایئرپورٹس پر عملے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کے سفری دستاویزات کی چیکنگ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔