اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی موت کی تصدیق کرنے پر لواحقین نے ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونیوالی عابدہ نامی خاتون اور اس کی بیٹی بابرہ کو پمز ہسپتال لایا گیا۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون دم توڑ گئی۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کی جانب موت کی تصدیق کرنے پر لواحقین مشتعل ہو گئے اور ڈاکٹر کو لوہے کے پائپوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈاکٹروں نے واقعہ کیخلاف احتجاجا ایمرجنسی میں کام روک دیا اور خاتون کی میت قبضے میں لے لی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے میں ملوث شخص کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان پمز کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔