اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے نشیبی علاقوں میں تباہی مچادی، بارش کا پانی گھروں ، دکانوں اور دفاتر میں داخل ہو گیا، جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو گیا۔ اسلام آباد میں جمعہ کی شام سے جاری بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں جا گھسا جس نے خاص طور پر کچی آبادیوں کے گھروں میں تباہی مچائی اور گھریلو سامان پانی میں بہنے لگا۔
لوگ اپنی مدد آپ کے تحت برساتی پانی سے سامان بچا تے رہے۔ شہر کی بعض عمارتوں کے تہہ خانوں میں بھی پانی بھر گیا جہاں دکانوں اور دفاتر میں پڑے لاکھوں روپے مالیت کے کمپیوٹرز اور آلات برباد ہوگئے۔ سیونتھ ایونیو پر گھڑیال چوک کے قریب، پل کے نیچے سے مٹی سرک گئی، تاہم پل محفوظ رہا۔
مارگلہ کی پہاڑیوں اور ملحقہ گاوں سید پور میں 217 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد اور راول پنڈی میں 40 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 سے 30 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔