اسلام آباد اسلام آباد واقعے کی انکوائری کرنے والی3 رکنی ٹیم 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ مکمل نہ کر سکی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کمیٹی کو مزید 24 گھنٹے کا وقت دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں مسلح شخص کی کھلے عام فائرنگ کے واقعے سے متعلق 3 رکنی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ اتوار کو وزیر داخلہ کو پیش کرنا تھی تاہم کمیٹی نے مزید کچھ پولیس افسران کے بیانات ریکارڈ کرنے کی وجہ سے مزید وقت مانگ لیا۔
چوہدری نثار نے کمیٹی کو مزید 24 گھنٹے کا وقت دیتے ہوئے پیر کی شام تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی مستقبل میں اسلام آباد فائرنگ جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے رپورٹ میں اپنی تجاویز بھی دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے کمیٹی کو اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کی مناسب تربیت نہیں ہوئی۔