اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کار ایمنسٹی اسکیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر سمیت یہ اسکیم متعارف اور منظور کرانے والوں کے علاوہ عمل درآمد کرانے والوں کے خلاف بھی تحقیقات اور فوجداری کارروائی کرنے کا حکم دیاہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے تیار کی گئی ،اسکیم سے قومی خزانے کو 35 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کار ایمنسٹی اسکیم کے تحت رجسٹر کی گئی 50 ہزار 109 گاڑیاں قبضہ میں لے کر ان کی نیلامی کی جائے۔ اس اسکیم کے ذریعے 15 اعشاریہ 8 ارب روپے کاریوینیو حاصل کر کے قومی خزانے کو کم سے کم 35 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ اسمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی سے 51 ارب روپے حاصل کیے جا سکتے تھے۔