اسلام آباد : بارودی مواد سے بھری گاڑی کیس میں ایک اور ملزم گرفتار

Islamabad Car Bomb Case

Islamabad Car Bomb Case

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو سے پکڑی گئی بارودی مواد سے بھری گاڑی کے کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کیس کے مرکزی ملزم حماد عادل کے بارے میں بھی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بارودی مواد گاڑی کیس میں گرفتار کئے گئے ملزم پر بارودی گاڑی کی تیاری میں مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ راول پنڈی کے رہائشی کے نام ہے۔ کیس کے مرکزی ملزم حماد عادل کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ 6 سال پہلے گھر سے بھاگ گیا تھا اور والد نے اس کے ساتھ مار پیٹ بھی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق حماد کے اہل خانہ نے تفتیش میں بتایا ہے کہ حماد جہادی ذہن رکھتا تھا اور اس نے ٹریننگ بھی حاصل کر رکھی تھی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف پرویز مشرف سمیت شہر کی اہم تنصیبات تھیں، پرویز مشرف کی عدالت میں عدم پیشی کی وجہ سے دہشت گرد اپنے منصوبے کو عملی جامہ نہ پہنا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسلام آباد میں 2 سے 3 مزید بارودی گاڑیاں لانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔