اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں سبزی منڈی کے قریب کچی افغان بستی میں پولیس اور کمانڈوز کے سرچ آپریشن میں 70 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ اسلام آباد کے علاقے آئی الیون فور میں پولیس اور کمانڈوز کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں پولیس اور کمانڈوز کے 4 سو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران کلاشنکوف ،سب مشین گن، پستول، جعلی نمبر پلیٹیں اور دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں بر آمد کر لی گئیں۔
جن میں سے صرف ایک موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ موجود ہے۔ سرچ آپریشن کی نگرانی کرنے والے ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان نے ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرچ آپریشن آئی الیون فور میں دو بڑی کچی افغان بستیوں میں جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جا رہا ہے۔ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق علاقے میں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں اور آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔