اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد واقعہ کیس کی ملزمہ کنول کی پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہو گئی۔
اسلام آباد واقعہ کیس ملزمہ کنول کی پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں ہوئی۔ رحیم یار خان میں وکلا پر پولیس تشدد کے خلاف وکلا کی ہڑتال کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے 26 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ اس سے قبل ملزمہ کنول نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ پولیس کی گاڑی نے ان کی کار کو ٹکر مار کر حملہ کیا۔
پولیس کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر پولیس کی جانب سے عدالت میں دائر جواب میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ کنول کی درخواست جھوٹ پر مبنی ہے، اسے خارج کیا جائے۔