اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ہزارہ، زیریں سندھ میں بارش کی پیش گوئی

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں ایک بار پھر گر می نے لوگوں کا کا برا حال کر دیا ہے ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ہزارہ اور زیریں سندھ کے علاقوں میں بارش ہو گی۔

ملک کے بیشتر حصے کچھ دن موسم بہتر ہونے کے بعد دوبارہ گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ سندھ میں بدین ، حیدر آباد ، سکھر اور نواب شاہ میں دوپہر سے شروع ہونے والی گرمی رات گئے تک جاری رہتی ہے۔

بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی اور سبی میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے۔ پنجاب میں ملتان ، بہاولنگر، چیچہ وطنی ، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں حبس کی وجہ سے پتہ تک نہیں ہل رہا ہے۔

خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں موسم کافی بہتر ہے۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی دالبندین، نوکنڈی،اور نور پور تھل میں پڑی جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔