اسلام آباد (جیوڈیسک) دارالحکومت کے 50 حلقوں کے مکمل غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ نون 21 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر آ گئی۔ اس کے مدمقابل تحریک انصاف نے 16 نشستیں حاصل کیں جبکہ 13 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
یوسی 25 پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کے بھتیجے عتیق خٹک پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔ یوسی 22 میں ن لیگ کے ایم این اے طارق فضل چودھری کے ماموں مطلوب حسین جیت گئے۔
جہانگیر ترین کی ہمشیرہ سیمی ایزدی پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر وائس چیئرپرسن منتخب ہوگئیں۔
ن لیگ کے ایم این اے ملک ابرار کے برادر نسبتی واجد ایوب یوسی 47 ترنول سے جبکہ یوسی 50 سے سابق ایم این اے انجم عقیل کے کزن طاہر محمود خان ن لیگ کی ٹکٹ پر کامیاب ہو گئے۔
تحریک انصاف کے امیدوار کو عمران خان کی رہائش بنی گالہ کے حلقے سے شکست ہوگئی یہاں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔